بنگلورو،23؍مارچ(ایس او نیوز) خطرناک وائرس کو ویڈ۔19 کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات کو بے اثر دیکھ کر حکومت کرناٹک نے اتوار کے روز جنتا کرفیو کے دوران ایک بڑا ہی سخت قدم اٹھایا اور ریاست کے 9؍ اضلاع میں 31؍ مارچ تک مکمل لاک ڈاؤن کردینے کا اعلان کردیا۔ اس لاک ڈاؤن کے سبب سوائے خدمات ضروریہ کے تمام کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔ لاک ڈاؤن کے سلسلہ میں جاری سرکاری حکم نامے کے مطابق 9؍ اضلاع میں ضروری خدمات جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے ان میں کھانے اور راشن ، دودھ ، اناج ، ترکاریوں ، گوشت، مچھلی ، پھلوں کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ کھانے اور دواؤں کی ہوم ڈلیوری ہوٹلوں میں ٹیک اوے (پارسل) خدمات ، بینک، وغیرہ شامل ہیں۔
ایس ایس ایل سی اور پی یو سی امتحان ملتوی: حکومت نے 27؍ مارچ سے شروع ہونے والے ایس ایس ایل سی امتحان کو ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے البتہ پی یو سی سال دو م کے لئے رواں سال کا آخری امتحان جو پیر کے روز ہونے والا ہے وہ ملتوی کردیا گیا۔ 9؍ اضلاع میں لاک ڈاؤن کے باوجود بھی پی یو سی کا یہ امتحان جاری رکھنے حکومت کے اس فیصلے پر بعض حلقوں میں نکتہ چینی کے بعد حکومت کی طرف سے اس امتحان کو بھی ملتوی کردینے کا اعلان کیا گیا۔ حالانکہ حکومت نے پہلے یہ فیصلہ لیا تھا کہ پی یو سی امتحان جاری رہے گا تاہم 9؍ اضلاع میں لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد وزیر تعلیم سریش کمار نے اعلان کیا کہ پیر کے روز ہونے والے پی یو سی سال دوم کے آخری انگریزی پرچے کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امتحان کب لیا جائے گا اس کا فیصلہ 31؍ مارچ کے بعد ہوگا۔
امتناعی احکامات نافذ: اس کے علاوہ بعض مقامات پر احتیاطی طور پر امتناعی احکامات نافذ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ جنتا کرفیو کے دوران ہی منعقدہ کابینہ اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ بی ایس یڈیورپا نے یہ فیصلے لئے ۔ جن 9؍ اضلاع میں حکومت نے 31؍ مارچ تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے ان میں ریاست کی راجدھانی بنگلورو، بنگلورو رورل، چکبالاپور، دھارواڑ ، میسورو، کلبرگی ، کورگ ، بیلگاوی اور منگلورو شامل ہیں۔ ان اضلاع میں تمام تر تجارتی سرگرمیاں 31؍ مارچ تک بند رہیں گے ۔ اشیا ء ضروریہ کی فروخت کے علاوہ یہاں کسی اور سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔ لاک ڈاؤن کے دوران طبی خدمات، داوائیں ، روزہ مرہ کی ضروری اشیاء کی فروخت کے لئے اجازت عام رہے گی۔ لیکن دوسری کسی بھی تجارتی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔ کابینہ میں فیصلہ لیا گیا کہ پیر کے روز بھی ریاست بھر میں سرکاری بس خدمات معطل رہیں گی۔ کے ایس آر ٹی سی نے اپنی تمام اے سی خدمات کو 31؍ مارچ تک بند کردینے کا اعلان کردیا ہے۔ ریاستی لیجسلیچر کا بجٹ اجلاس حسب شیڈول جاری رہے گا۔
اساتذہ کو چھٹی: محکمہ تعلیمات نے ریاست بھر کے تمام اسکولوں کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو 31؍ مارچ تک چھٹی دینے کا اعلان کردیا۔ ایس ایس ایل سی امتحان کو جو 27؍ مارچ سے شروع ہونے والا تھا اگلی تاریخ تک ملتوی کرنے کے بعد محکمہ تعلیم کی طرف سے جاری ایک سرکلر میں اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو چھٹی دینے کا اعلان کردیا گیا۔ ان کو یہ اجازت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اسکول کی ذمہ داریوں کو گھروں سے ہی پورا کردیں۔ چھٹی کے ساتھ یہ تاکید بھی کی گئی ہے کہ اس چھٹی کے دوران عملہ اپنی تعیناتی کے ضلع میں ہی موجود رہے۔
لائبریریاں اور پارک بند: احتیاطی طور پر حکومت نے ریاست کی تمام سرکاری لائبریریوں کو 31؍ مارچ تک بند کردینے کا اعلان کیا ہے۔ کورونا وائرس کے خوف سے برہت بنگلورو مہانگر پالیکے نے شہر کے تمام پارکوں کو 31؍ مارچ تک بند کردینے کا اعلان کیا ہے۔ شہر کے متعدد پارکوں میں موجود کھلے جم کے استعمال پر پہلے پابندی لگی تھی اور اب بی بی ایم پی کمشنر انیل کمار نے اعلان کیا ہے کہ احتیاطی طور پر پارکوں کو بند کردیا جارہا ہے۔ شہر کے دو اہم اور تاریخی پارکوں لال باغ اور کبن پارک کو بھی عوام کے لئے 31؍مارچ تک بند کردینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وکٹوریہ اسپتال مکمل کووڈ اسپتال ہوگا: وزیر اعلیٰ یڈیورپا نے کابینہ اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ ریاست میں دن بدن بڑھتی ہوئی کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد کو دیکھتے ہوئے بنگلورو کے وکٹوریہ اسپتال کو مکمل طور پر کورونا وائرس اسپتال قرار دے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اسپتال موجود 1700 بستروں کی سہولت کو صرف کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کے لئے استعمال میں لایا جائے گا۔ انڈیا کو نسل فارمیڈیکل ریسرچ اور این آئی وی کے تعاون سے ریاست کے سبھی سرکاری اور نجی اسپتالوں کے لئے کووڈ جانچ کٹ مہیا کروائے جائیں گے ۔ کوووڈ کے متاثرین کے لئے حکومت نے لیاب ٹیسٹ کیس سہولتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ لیا۔ یہ بھی فیصلہ لیا گیا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں سے آنے والی فائٹوں کے مسافروں کی بھی ائیرپورٹ پر جانچ کی جائے گی۔ حکومت نے تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے انتخابات کو ملتوی کردینے کا اعلان کیا ہے۔ کورونا وائرس سے نپٹنے کے لئے بنگلورو کے سرکار بالا برائی گیسٹ ہاوز کو کورونا وائرس وارڈ روم میں بدل دینے کا فیصلہ لیا ہے۔ حکومت نے تمام اضلاع میں ٹاکس فورس قائم کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔ شہری عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ دیہی علاقوں کا سفر نہ کریں۔